وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے یومِ استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کا دن پاکستانیوں کے لیے بھی اتنا ہی تکلیف دہ ہے جتنا کشمیریوں کے لیے۔ یہ دن بھارتی ریاستی ظلم، مودی سرکار کی انتہاپسند سوچ اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے کبھی ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی جھکے گی۔ ان کے حوصلے، عزم اور قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ ظلم جب حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے، اور بھارت کے ظلم کے خاتمے کا وقت قریب آ چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارت نے 7 مئی کو ناپاک جسارت کی، جس کا منہ توڑ جواب چند گھنٹوں میں دیا گیا۔ آج بھارت عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ادوار میں کشمیر کا مقدمہ ہر عالمی فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا گیا اور دنیا کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی کا احساس دلایا گیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، جس کا حل ضروری ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی، تو پاکستان سچ دنیا کے سامنے لانے میں تاخیر نہیں کرے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہی ہے، تو ایک مخصوص گروہ ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ ریاست پاکستان اتنی مضبوط ہے کہ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھی پسپا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو شرپسند سیاست سے دور رکھیں اور قومی اتحاد کو کمزور نہ ہونے دیں۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے کشمیری خواتین کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ برہان وانی جیسے شہداء کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیری اپنی جدوجہدِ آزادی میں مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام بھی دیا۔





تبصرے بند ہیں