کچھ سابق کرکٹرز سے بابراعظم کی کامیابی ہضم نہیں ہوتی: اعظم خان

Some former cricketers can't digest Babar Azam's success

قومی کرکٹر اعظم خان نے کہا ہےکہ کچھ سابق کھلاڑیوں سے بابراعظم کی کامیابی اور شہرت ہضم نہیں ہوتی۔

اعظم خان حال ہی میں ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے کیرئیر سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے ۔

دوران گفتگو میزبان نے اعظم خان سے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان کی کپتانی کے حوالے سے سوال کیا۔

اس پر اعظم خان کا کہنا تھا کہ مجھے شاہین اور شاداب کی کپتانی کا انداز ایک جیسا لگتا ہے کیوں کہ دونوں ہی اٹیکنگ انداز میں کپتانی کرتے ہیں، دوسری جانب بابر ایک مختلف طرز کے کرکٹر ہیں، وہ گراؤنڈ میں بھی بہت پرسکون ہوتے ہیں۔
اعظم خان نے بابر کو سراہتے ہوئے کہا کہ’بابر ہمارے ملک کے ایک بہت بڑے کرکٹر ہیں، ہمارے لوگ ان کی قدر نہیں کرتے، ہمارے پاس گزشتہ 10 برسوں کے دوران سامنے آنے والے واحد ٹیلنٹڈ بیٹر بابر ہیں، ان کے آنے سے پہلے پاکستان کرکٹ صرف فاسٹ بولنگ کی وجہ سے مشہور تھی لیکن بابر نے پاکستان کرکٹ کو اپنی بیٹنگ کی وجہ سے مشہور کردیا ‘۔

انہوں نے کہا کہ’جب بھارت میں ویرات کوہلی نے اپنی کرکٹ کا آغاز کیا تو ان کے ارد گرد وی وی ایس لکشمن، سچن ٹنڈولکر، سہواگ اور دھونی جیسے لیجنڈز تھے لیکن بابراعظم کے پاس کون تھا؟ کوئی بھی نہیں‘۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ ’میں ویوز کیلئے یہ بات نہیں کررہا اس سے قبل صرف شاہد آفریدی ہی تھے جن کے پاس اسٹارڈم تھا ، شاہد آفریدی کیلئے لوگ اسٹیڈیم آتے تھے اور جب وہ آؤٹ ہوتے تو لوگ اسٹیڈیم چھوڑ کر چلے جاتے تھے، اب ویسا اسٹارڈم بابر اعظم کے پاس ہے، لوگ بابر کو گراؤنڈ میں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں، ایک مرتبہ فیصل آباد میں میچ کے دوران جب بابر آؤٹ ہوئے تو میں خود گواہ ہوں کہ لوگ اسٹیڈیم چھوڑ کرچلے گئے، مجھے لگتا ہے کہ یہ سب کچھ سابق کرکٹرز سے ہضم نہیں ہورہا، یہ سابق کرکٹرز بھی اتنے مشہور ہوسکتے تھے اگر اس وقت بھی سوشل میڈیا موجود ہوتا‘۔

READ  رواں سال پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز کرانے کا فیصلہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

تبصرے بند ہیں