وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک وفد کے ہمراہ دہلی پہنچ گئے۔ پاکستانی ناظم الامورسعد وڑائچ نے نئی دہلی آمد پر مصدق ملک کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی شرکت کا مقصد علاقائی تہذیبی ورثے کے فروغ، ثقافتی تعاون مستحکم بنانا ہے۔ وفاقی وزیر کو اس فورم میں شرکت کی دعوت بھارت کے وزیر ثقافت و سیاحت نے دی ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک فورم میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور اس حوالے سے پاکستان کے سفارتی کردار پر ملک کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وہ ایس سی او میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ملک کے متنوع تہذیبی و ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کریں گے۔
حکام کے مطابق فورم میں پاکستان کی شرکت شنگھائی سپرٹ کے اصولوں کے مطابق مکالمے، تعاون اور باہمی تفہیم کے فروغ کے لیے ایک فعال رکن کی حیثیت سے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔






تبصرے بند ہیں