امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے ایک شہری کی قسمت نے ایسا ساتھ دیا کہ وہ پلک جھپکتے ہی 10 لاکھ ڈالر کا انعام جیت گیا۔
یہ غیر معمولی انعامی رقم اُس اسکریچ کارڈ سے حاصل ہوئی جو اُس نے مذاق میں دکاندار سے چننے کو کہا تھا۔ میری لینڈ لاٹری حکام کے مطابق، خوش قسمت شہری نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی خواہش کی۔ واقعہ اسپیرروز پوائنٹ کے ایک اسٹور پر پیش آیا جہاں وہ ایندھن لینے گیا تھا۔ ادائیگی کے بعد اُس کے پاس 20 ڈالر بچے، تو اُس نے کلرک سے کہا کہ "میرے لیے جیتنے والا ٹکٹ منتخب کرو۔”
کلرک نے اُسے ’آل اباؤٹ کیش‘ نامی 20 ڈالر کا اسکریچ آف ٹکٹ دیا۔ پہلے شہری کو لگا کہ اس نے صرف 100 ڈالر جیتے ہیں، مگر پھر رقم بڑھتی گئی اور آخرکار انعام 10 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا۔
خوش نصیب شہری کا کہنا ہے کہ وہ یہ رقم ریٹائرمنٹ کے لیے محفوظ کرے گا۔ لاٹری حکام کے مطابق یہ اس کھیل کا پہلا بڑا انعام ہے، جس میں مجموعی طور پر پانچ 10 لاکھ ڈالر کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ اسٹور جہاں سے ٹکٹ خریدا گیا، اُسے بھی 1000 ڈالر کا بونس دیا جائے گا۔






تبصرے بند ہیں