فلسطینی‑امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے لاس اینجلس میں منعقدہ ریلیف کنسرٹ کے بعد غزہ کے بچوں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے عالمی توجہ کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کنسرٹ کے دوران $5.5 ملین کی امدادی رقم جمع کی گئی، جو فلسطین اور سوڈان میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو فراہم کی جائے گی۔
کنسرٹ کی میزبانی اداکار پیڈرو پاسکل اور بیلا حدید نے مشترکہ طور پر کی، جبکہ اس میں شون مینڈیز، چپل روآن، کلائرو سمیت دیگر معروف فنکاروں نے بھی پرفارم کیا۔
بیلا حدید نے کہا کہ ایک مقصد جو میرے لیے انتہائی ذاتی ہے، وہ ہے فلسطین چلڈرن رلیف فنڈ (PCRF)۔ غزہ کی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ بچے ہیں۔ PCRF نے کم از کم 6,000 یتیم بچوں کو ماہانہ امداد فراہم کی، ان کے خاندانوں تک 21 ملین لیٹر صاف پانی پہنچایا، سیکڑوں بچوں کو غزہ سے نکالا، اور دیگر معجزات انجام دیے۔ ان میں سے کچھ بچے اس موقع پر ہمارے ساتھ موجود تھے۔ میں سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ آئیں ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں تاکہ یہ خاندان جان سکیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سپر ماڈل نے لکھا کہ سوڈان میں 12 ملین سے زیادہ لوگ بے گھر ہیں اور 25 ملین سے زیادہ لوگ غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کئی اقوامِ متحدہ کی ایجنسیوں، بشمول ورلڈ فوڈ پروگرام، نے سوڈان کو دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران قرار دیا ہے۔






تبصرے بند ہیں