کیلیفورنیا (30 جون 2026): امریکا میں کھیلے جا رہے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے دوران ورلڈ کپ زون کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں پیش آیا ہے، جو فیفا ورلڈ کپ کے دوران فین زون کے طور پر بھی استعمال ہو رہا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے وقت وہاں ورلڈ کپ کا کوئی میچ بڑی اسکرین پر نہیں دکھایا جا رہا تھا اور اس دن ٹورنامنٹ کا واحد میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے ختم ہو چکا تھا۔
سان ہوزے پولیس نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش قتل کے مقدمے کے طور پر کی جا رہی ہے اور اردگرد کی متعدد سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں ہی فٹبال ورلڈ کپ اسٹیڈیم کے قریب فائرنگ کے پانچ واقعات رونما ہوئے تھے۔






تبصرے بند ہیں